لاہور(مانیٹرنگ) پنجاب حکومت کے محکمہ ہاﺅسنگ، شہری ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ نے اپنی آٹھ ماہ کی کارکردگی کی رپورٹ جاری کر دی ہے جس کے تحت عثمان بزدار کی قیادت میں ڈپارٹمنٹ نے شہری منصوبہ بندی اور معیارزندگی کو بہتر کرنے کے علاوہ کارکردگی پر خصوصی توجہ دی ہے اور اس کیلئے متعدد اہم اقدامات بھی اٹھائے گئے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق محکمہ ہاﺅسنگ ، شہری ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ کا کہناہے کہ پنجاب کے شہر لودھراں ،
چشتیاں ، رینالہ خرد ، بھکر اور قائد آباد میں بے گھر افراد کو کم قیمت میں گھر فراہم کرنے کی سکیم کے تحت نیا پاکستان ہاﺅسنگ پروگرام شروع کر دیا گیاہے جس سے پاکستان کے غریب عوام مستفید ہو سکیں گے جبکہ سستے گھروں کی سکیم کیلئے 5 ارب روپے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔ شہری ڈویلپمنٹ کے تحت حکومت کی جانب سے واسا کو موصول ہونے والی صارفین کی شکایات کو فوری حل کرنے کیلئے خصوصی کسٹمر کیئر سروس ” حاضر سر “ کا آغاز کیا گیا ۔ پنجاب کے کئی شہروں میں صاف پانی کی فراہمی بڑا مسئلہ درپیش ہے جس پر صوبائی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اقدامات بھی کیے جارہے ہیں اور اسی کے تحت فرانسیسی ڈویلپمنٹ ایجنسی کے تعاون سے فیصل آباد کیلئے پانی کے وسائل کی توسیع کے منصوبے کادوسرا مرحلہ جو کہ 95 ملین یورو پر مشتمل ہے ، کا آغاز کیا گیاہے ۔محکمے کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ایشن انفرا سٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کی مالی معاونت سے محمود بوٹی، شاد باغ اور شاہدرہ میں ’ ویسٹ واٹر پلانٹ ‘ کی تعمیر کی گئی ہے جبکہ اس کے علاوہ ایشین انفرا سٹرکچر انویسٹمنٹ بینک کے ہی مالی تعاون سے لاہور کیلئے ’ بمباں ولی – راوی – بیدیاں کینال ‘ پر واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر بھی کی گئی۔ راولپنڈی میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے
جس کیلئے اے آئی آئی بی بینک کے تعاون سے راولپنڈی رنگ روڈ کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔فیصل آباد کیلئے ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تعمیر جس کیلئے ڈین مارک کی حکومت نے 130 ملین یورو کی منظور ی دی ہے ۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا تعلق ڈیرہ غازی خان سے ہے جہاں عوام کو کئی طرح کی محرومیوں کا سامنا رہاہے تاہم اب پیچھے رہ جانے والے علاقوں کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے ۔ڈیرہ غازی خان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قیام اور
اس کے دائر اختیار کو وسیع بنایا گیا ۔تونسہ شریف اور ڈی جی خان میں 160 ملین روپے سے پرانے اور نئے پارکس کی تعمیر اور بحالی کیلئے رکھے گئے ہیں جبکہ صاف ستھرا اور ہرا پنجاب کے تحت درخت لگانے کا بھی منصوبہ ہے ۔پنجاب حکومت کے محکمہ ہاﺅسنگ، شہری ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی جانب سے آب پاک اتھارٹی کا قیام اور پینے کا صاف پانی پروگرام بھی لانچ کیا گیاہے ۔ پنجاب حکومت کی جانب سے محرومیوں کے شکار علاقے ڈی جی خان میں 656 ملین روپے کی
لاگت سے پانی کی فراہمی کی 49 سکیموں کا منصوبہ بنایا گیاہے جس سے شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے گا ۔ پنجاب بھر میں ڈسٹرکٹ کی سطح پر لیبارٹریز کو اپر گریڈ کرنے اور چار موبائل واٹر کوالٹی مانیٹرنگ لیبز کی فراہمی کا منصوبہ ہے جبکہ پانی کی قلت کا سامنا کرنے والے علاقوں کیلئے 900 ہینڈ پمپس لگائے جائیں گے ۔656 خراب واٹر سپلائی سکیمز کی بحالی کیلئے 333 ملین روپے مختص کر دیئے گئے ہیں ،تونسہ شریف کی خوبصورتی کو چار چاند لگانے کلئے 650 ملین روپے مختص کیے گئے ۔