ریاض ( آن لائن ) متحدہ عرب امارات کے ایک کلب ‘وائٹ‘ نے اعلان کیا ہے کہ ’جدہ سیزن‘ کے موقع پر سعودی عرب کے شہر جدہ میں کلب کا افتتاح کیا جائے گا جس میں 18 سال سےکم عمر افراد کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔تفصیلات کے مطابق جدہ کی برانچ میں بھی کلب کی دیگر
برانچوں کی طرح موسیقی کا اہتمام کیا جائے گا مگر سعودی قوانین کو مد نظر رکھتے ہوئے شراب فروخت نہیں کی جائے گی۔’وائٹ‘ کی یہ برانچ سارا سال بند رہے گی لیکن صرف جدہ کے سالانہ فیسٹیول کے دوران کھلی رہے گی۔ اس بزنس گروپ کی شاخیں دبئی اور بیروت میں بھی قائم ہیں۔کلب نے وائٹ سعودی عربیہ کے نام سے اپنے پیج پرکلب کے افتتاح کی ایک پوسٹ بھی شیئر کی ہے لیکن ہم نیوز کے رابطہ کرنے پر سعودی حکام نے خبر کی تائید یا تردید نہیں کی۔سعودی عرب میں کلب کے افتتاح کے اعلان پراس عرب ملک کے صارفین نے ملے جلے خیالات کا اظہار کیا فیس بک پر ’وائٹ دبئی‘ کے رجسٹرڈ پیج نے بھی جدہ میں کلب کھلنے کی تاریخ کا اعلان کیا تھا۔جدہ سیزن 8 جون سے 18 جولائی 2019 تک جاری رہے گا جس کا مقصد سعودی عرب میں ترقیاتی مواقع کو نمایاں کرنے کے ساتھ عالمی سطح پر سعودی عرب کے سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنا ہے۔اس سال جدہ سیزن کے لیے سعودی عرب نے سیاحتی ویزے میں بھی نرمی کی ہے اور صرف تین منٹ میں آن لائن ویزہ دیا جا رہا ہے۔خیال رہے کہ دنیا میں سعودی عرب کا تشخص ایک سخت گیر مذہبی معاشرے کا ہے لیکن گزشتہ چند برسوں سے ریاض حکومت اس تاثر کو بدلنے کی کاوشیں کر رہی ہے۔سعودی عرب میں خواتین کو ڈرائیونگ کرنے اور کھیل کے میدانوں میں جانے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔