ناٹنگھم(این این آئی) ورلڈکپ 2019 کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔کارڈف کے صوفیہ گاڑدن میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا کی جانب سے لہیرو تھری مانے اور دیموتھ کرونا رتنے نے کیا لیکن پہلے ہی اوور میں تھریمانے 4 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ آئی لینڈرز کی دوسری وکٹ 46 کے مجموعے پر کوشال پریرا کی گری، انہوں نے 29 رنز کی اننگز کھیلی۔ایک طرف وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم دوسری جانب کپتان کرونا رتنے کیوی بولرز کے سامنے ڈٹے رہے۔تھریسارا پریرا نے کپتان کرونا رتنے کے ساتھ مل کر کیوی بولرز کے سامنے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن وہ بھی 27 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔پوری سری لنکن ٹیم 30 ویں اوور میں 136 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی لیکن کپتان دیموتھ کرونا رتنے 52 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمز ہنری اور فرگوسن نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ ٹرینٹ بولٹ، گرینڈہوم، جمی نیشام اور سینٹنر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی جانب سے مارٹن گپٹل اور کولن منرو نے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے وکٹ کے چاروں اطراف اسٹروکس کھیلتے ہوئے 137 رنز کا ہدف 16 اعشاریہ ایک اوورز میں پورا کر لیا۔ مارٹن گپٹل 73 اور کولن منرو 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ورلڈکپ 2019 کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 10 وکٹوں سے شکست دیدی۔