واشنگٹن(آن لائن) امریکہ نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے جو باعث تشویش ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جان ہکنی لوپر نے صحافیوں سے گفتگو
کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی باعث تشویش ہے انہوں نے کہا کہ امریکہ کی یہ پالیسی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر بھارت اور پاکستان کو باہمی مذاکرات تیز کرنا ہوں گے کیونکہ امریکہ اس پالیسی پر گامزن ہے کہ دونوں ممالک کی خود مختاری کا احترام کرتے ہوئے دخل اندازی سے گریز کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر تازہ گولہ باری باعث تشویش ہے اور اس صورت حال کو قابو میں کرنا ہو گا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ دونوں ممالک کی سرحدیں محفوظ رہیں اور کشیدگی کا کوئی عنصر نہ رہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور بھارت کی قیادتیں دانشمندی کا مظاہرہ کر کے خطے میں کشیدگی کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے اقدامات اٹھائیں گی ۔ انہوںنے کہا کہ باہمی مذاکرات ہی بہتر ذرائع ہیں جس سے دونوں ممالک ایک دوسرے کی مجبوریوں کو بھی سمجھ سکتے ہیں ۔