واشنگٹن (این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف اپنے تندوتیز بیانات کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ۔انھوں نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ امریکا نے ایران سے بات چیت کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے ،اس کی معیشت مسلسل روبہ زوال ہے اور انھیں ایرانی عوام کے لیے بہت افسوس ہے۔
صدر ٹرمپ نے میڈیا کی ایک رپورٹ کو ’’جعلی خبر‘‘ قرار دیا ہے جس میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ امریکا نے ایران سے مذاکرات کے لیے رابطہ کیا ہے۔وہ لکھتے ہیںاس جعلی خبر ( فیک نیوز) میں کسی علم کے بغیر یہ جھوٹا بیان دیا گیا ہے کہ امریکا ایران سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کرنے کی کوشش کررہا ہے۔انھوں نے ایک اور ٹویٹ میں کہا ہے ایران ہم سے رابطہ کرے گا کہ وہ کب اور کہاں ہم سے مذاکرات کے لیے تیار ہے۔صدر ٹرمپ نے قبل ازیں بھی تندو تیز بیانات کے علاوہ ایرانی لیڈروں سے یہ کہا تھا کہ وہ ان سے رابطہ کریں۔یہ بات ٹرمپ انتظامیہ کی ایران کے بارے میں سخت حکمتِ عملی سے بالکل متصادم تھی۔اسی حکمتِ عملی کے تحت امریکا نے اپنے ایک طیارہ بردار بحری بیڑے اور بی 52 بمباروں سمیت لڑاکا طیاروں کو مشرقِ اوسط میں بھیجا ہے۔انھیں ایران کی کسی بھی ممکنہ جارحیت یا جارحانہ سرگرمی کا فوری جواب دینے کے لیے فعال کیا جاسکے گا۔