لاہور (نیوزڈیسک) پاکستان اور زمبابوے کے مابین تین ون ڈے میچوں پر مشتمل کرکٹ سیریز کا تیسرا اور آخری ون ڈے میچ آج ( اتوار ) کو ہو گا ۔ میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شام 4بجے شروع ہو گا جس کے لئے سکیورٹی سمیت دیگر تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں ، پاکستان ٹیم کی کپتانی اظہر علی اور زمبابوے ٹیم کی کپتان ہملٹن مسکدزا کریں گے ،پاکستان پہلے ہی تین ون ڈے میچوں کی سیریز کے پہلے دو ون ڈے میچز جیت کر سیریز اپنے نام کر چکا ہے ، اب قومی ٹیم سیریز میں کلین سویپ کرنے کیلئے صرف ایک کامیابی کی ضرورت جبکہ زمبابوے جیت کیلئے سر دھڑ کی بازی لگائے گی۔تیسرے ون ڈے میچ کے لئے بھی بنائی گئی وکٹ فلیٹ ہے جو کہ بلے بازوکو فائدہ دے گی جبکہ بولرز اپنی سوئنگ کے بل پر اور سخت محنت سے کامیابی حاصل کرسکیں گے۔ تیسرے ون ڈے میچ کے تمام ٹکٹس پہلے ہی فروخت ہوچکے ہیں اور توقع کی جارہی ہے کہ آخری میچ کے لیے گراﺅنڈ شائقین سے کچھا کھچ بھرا ہوگا ۔ سیریز میں زمبابوین ٹیم کو کلین سویپ کرنا صرف ایک فتح کی دوری پر ہے ۔ قومی کھلاڑی مہمان ٹیم کو وائٹ واش کے لمحے کو یادگار بنانے کے لئے بے تاب ہیں ۔ گرین شرٹس کو چیمپئنز ٹرافی تک رسائی کی امیدوں کو برقرار رکھنے کے لئے کلین سویپ ضروری ہے تو دوسری جانب فتح سے محروم زمبابوے کی ٹیم کامیابی کا مزہ چھکنے کے لیے سردھڑ کی بازی لگائے گی ۔ پاکستان ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ پاکستان کی کارکردگی میں بتدریج بہتری آرہی ہے اور تیسرا ون ڈے میچ بھی جیت کر ٹی ٹونٹی کی طرح ون ڈے میں بھی کلین سوئپ کریں گے ۔