اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ”نجی ٹی وی پر اپوزیشن لیڈر شہبار شریف کی جانب سے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کر انے کی خبر“ کو سختی سے مسترد کر تے ہوئے کہا ہے کہ پیمرا متعلقہ ٹی وی کے خلاف کارروائی کر ے،قاعدے و قانون کے تحت نجی ٹی وی کے جملہِ ذمہ داران کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں نیز متعلقہ چینل کو مستقبل میں ایسی غیر ذمہ دارانہ رویہ سے
روکا جائے۔بدھ کوپاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگریب کی جانب سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ مورخہ 15مئی 2019 بروز بدھ کونجی ٹی وی (بول) نیوز ٹی وی چینل پر بریکنگ نیوز چلی جس میں ذرائع کے حوالے سے دعوی کیاگیا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف جناب”شہباز شریف نے برطانیہ میں سیاسی پناہ کی درخواست جمع کرادی“۔یہ خبر مکمل طور پر بے بنیاد، من گھڑت اور شرانگیزی پر مبنی ہے جس سے پاکستان کی نمایاں اور مقبول ترین عوامی سیاسی جماعت، اس کے صدر اور قائد حزب اختلاف کی ساکھ، وقار اور نیک نامی کو شدید دھچکا پہنچایا گیا اور انہیں ناحق ذہنی اذیت اور پریشانی میں مبتلا کیاگیا۔ اس خبر سے پارٹی کارکنان کے جذبات کو گہری ٹھیس پہنچی ہے۔ یہ خبر عدالتوں میں پہلے سے زیر سماعت مقدمات پر اثرانداز ہونے کی مذموم اور قابل مذمت کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیمرا سے درخواست ہے اس بے بنیاد، من گھڑت اور شرانگیزی پر مبنی خبر کا نوٹس لیں کر پیمرا اور متعلقہ قاعدے و قانون کے تحت بول ٹی وی چینل کے جملہِ ذمہ داران کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں نیز متعلقہ چینل کو مستقبل میں ایسی غیر ذمہ دارانہ رویہ سے روکا جائے۔