اسلام آباد (این این آئی)حکومت کے جنوبی پنجاب صوبے کے بل کے بعد ایم کیو ایم نے بھی بل لانے کی کوشش شروع کردی۔ذرائع کے مطابق ایم کیوایم ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر صوبے بنانے کا بل قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔ ذرائع ایم کیو ایم کے مطابق کراچی اور اس سے ملحقہ شہروں پر بھی مشتمل انتظامی یونٹ بنایاجائے۔ذرائع نے بتایاکہ اپنے بل کی حمایت کیلئے ایم کیو ایم نے دیگر جماعتوں کی حمایت سے بل لانے کے لیے کوششیں شروع کردیں۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے وفد کی مخدوم شاہ محمود سے
طے شدہ ملاقات نہ ہوسکی۔ذرائع کے مطابق گزشتہ روز چھبیس ویں آئینی ترمیم کی حتمی رائے شماری کے دوران ایم کیو ایم ارکان کی وزیر خارجہ سے سرسری بات ہوئی،ملاقات میں طے پایا کہ رواں ماہ کے اختتام پر ہونے والے اجلاس میں تفصیلی بات ہوگی۔ذرائع نے بتایا کہ ایم کیو ایم چاہتی ہے کہ کراچی اور اس سے ملحقہ شہروں پر مشتمل الگ صوبے کا بل تحریک انصاف کی حمایت سے پیش کیا جائے۔ذرائع نے بتایاکہ تحریک انصاف کی جانب سے بل کی حمایت یا مخالفت کے بارے میں ابھی کوئی بات نہیں ہوئی۔