اسلام آباد (این این آئی) مسلم لیگ (ن) نے رمضان المبارک کے بعد صوبہ ہزارہ، بہاولپور اور جنوبی پنجاب کو صوبے بنانے کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ جنوبی پنجاب، بہاولپوراور ہزارہ کو صوبہ بنانے کے حوالے سے اگر حکومت وعدہ پورا نہیں کرتی تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں۔پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما مرتضیٰ جاوید عباسی نے منگل کے روز پارلیمنٹ کے باہر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے الیکشن سے قبل اور اقتدار میں آنے کے
بعد جو وعدے عوام سے کیے تھے ان کو پورا کرنے میں بری طرح ناکام رہی موجودہ حکومت جھوٹوں کی حکومت ہے جو ہر روز عوام سے جھوٹا وعدہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اقتدار سنبھالنے کے بعد مسلم لیگ اور قائد مسلم لیگ میاں شہباز شریف نے حکومت کو معاشی استحکام کے لئے تعاون کی پیشکش کی تھی اسی طرح جنوبی پنجاب اور بہاولپور کو صوبہ بنانے کے حوالے سے بھی تعاون کی پیشکش کی تھی، جنوبی محاذ کے لوگوں کو وزارتیں دے کر ان کا منہ بند کر دیا گیالیکن مسلم لیگ ن نے جو عوام سے وعدے کیے تھے وہ ان کیلئے آج بھی وہیں کھڑی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر حکومت اپنی پالیسیوں پر شرمندہ ہے اور ناکام ہو گئی ہے تو تو وہ عوام کی جان چھوڑے۔ انہوں نے کہاکہ جنوبی پنجاب، بہاولپوراور ہزارہ کو صوبہ بنانے کے حوالے سے اگر حکومت وعدہ پورا نہیں کرتی تو عوام سڑکوں پر نکل آئیں۔مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ پوائنٹ سکورنگ کیلئے حکومت فرضی قانون سازی کر رہی ہے،پاکستان مسلم لیگ ن نے رمضان المبارک کے بعد صوبہ ہزارہ، بہاولپور اور جنوبی پنجاب کو صوبے بنانے کے حوالے سے رمضان المبارک کے بعد تحریک چلائیں گے۔