کراچی(این این آئی)پاکستان میں نمک کے 6 ارب ٹن سے زائد کے ذخائر موجود ہیں، نمک کی بین الاقوامی پیداوار میں پاکستان 20 ویں نمبر پر ہے ۔ دنیا بھر میں پاکستانی نمک کی شناخت ہمالیہ سالٹ کے نام سے ہے ۔ نمک پاکستان کیلئے وائٹ گولڈ ثابت ہو سکتا ہے ۔ اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ نمک اور اس کی ویلیو ایڈڈ مصنوعات کی تیاری اور برآمد سے اربوں ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے ۔
پاکستان میں پایا جانے والا نمک 99 فیصد خالص ہے جس کو دنیا بھر میں ہمالیہ سالٹ کے نام سے جانا اور پسند کیا جاتا ہے ۔ بھارت پاکستانی نمک کا سب سے بڑا خریدار ہے جو پاکستانی نمک پر اپنے لیبل لگا کرفروخت کرتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ نمک کی صنعت سے وابستہ طبقات اور مقتدر حلقوں کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے اقدامات کریں تاکہ ہم نمک کی عالمی منڈی سے حقیقی طور پر مستفید ہو سکیں۔