اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم ہائوس کی گاڑیوں کے بعد اب آفس کا کباڑ بیچنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ملکی تاریخ میں پہلی بار وزیراعظم ہائوس کے زیر استعمال شدہ ناکارہ سرکاری اشیا کو بیچنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اس ضمن میں وزیراعظم کی طرف سے باقاعدہ نوٹس بھی جار ی کیا گیا ہے ۔ جاری نوٹس کے مطابق سرکاری اشیاء کی نیلامی 29 اپریل کو وزیراعظم ہاؤس میں ہو گی ۔ وزیراعظم آفس کے زیر استعمال
پرانے ٹائر، ٹیوب، بیٹریاں اوردیگر پرزہ جات کو نیلام کیا جائے گا اس کے علاوہ دفتری سامان میں کمپیوٹر ، فوٹو مشین ، استعمال شدہ اسٹیشنری سمیت باغ بانی کے آلات بھی نیلامی میں شامل ہیں ۔ کباڑ کی نیلامی وزیراعظم ہائوس کے گیٹ نمبر 7پر بروز سوموار 29اپریل کو صبح ساڑھے 10بجے شروع ہو گی ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کفایت شعاری پالیسی کے تحت گاڑیوں اور بھینسوں کی نیلامی بھی کی تھی ۔