اسلام آباد (آن لائن ) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بدھ کے روز پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچ گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں فوجی عدالتوں کے قیام اور نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ حکومت مخالف تحریک چلانے سے متعلق بھی مشاورت کی گئی ۔مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات
کی تفصیلات سے بھی آصف زرداری کو آگاہ کیا۔ یادرہے کہ اس سے قبل مولانا فضل الرحمان کی نواز شریف سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف سے ان کی جیل میں ملاقات نہیں ہوئی تھی، اس لیے ان سے ملاقات کی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی صحت سے متعلق دریافت کرنے آیا تھا، ملاقات کا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں تھا۔انہوں نے کہا موجودہ وزیر اعظم نصب شدہ ہیں۔ مہنگائی عروج پر ہے اور معیشت ہچکولے کھارہی ہے۔