فیصل آباد(آن لائن) ڈالر کی اڑان روکنے میں ناکامی پر حکومت شدید پریشان، ڈالر کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی بھی بے اثر، ایف آئی اے بڑے کرنسی ڈیلرز پر ہاتھ ڈالنے سے گریزاں، چھوٹے ڈیلرز کے خلاف ایکشن، کاروباری سرگرمیاں متاثر، حکومت صورت حال کا نوٹس لے، عوامی مطالبہ، تفصیل کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے پر اس کی ذخیرہ اندوزی شروع ہو گئی جس کا ذمہ دار آئی ایم ایف کو قرار دیا جا رہا ہے مگر ایف آئی اے نے ڈالر کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف پنجاب بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا جس کے دوران بڑے کرنسی ڈیلرز
پر ہاتھ نہیں ڈالا گیا تاہم چھوٹے کرنسی ڈیلرز کے خلاف کارروائی کے دوران رقم ضبط کر کے چند کرنسی ڈیلرز کو گرفتار بھی کیا گیا جس سے چھوٹے ڈیلرز کا جینا دوبھر ہو چکا ہے۔ واضح رہے کہ ملک میں کاروباری سرگرمیوں کے متعلق پہلے ہی پریشانی پائی جاتی ہے اور عوامی و کاروباری حلقے اقتصادی صورت حال کی ابتری پر گہری تشویش کا اظہار کر رہے ہیں اور اب چھوٹے کرنسی ڈیلرز کی پکڑ دھکڑ نے رہی سہی کسر نکال کر رکھ دی ہے۔ عوامی حلقوں نے اس صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔