لاہور(آن لائن) قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ نواز کے صدر شہباز شریف نے اپنا اور اپنی اہلیہ نصرت شہباز کا برطانیہ کا ملٹی پل ویزا حاصل کرلیا۔اپنی والدہ کے لیے بھی برطانیہ کا ویزہ حاصل کرلیا۔بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے چار اسٹاف ممبرز کے ویزے بھی حاصل کرلیے ہیں، وہ اپنے طبی معالج سے مشاورت اور
معائنے کے لیے لندن جانا چاہتے ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مطابق شہباز شریف نیب کیسز اور سیاسی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے کسی بھی وقت لندن روانہ ہونگے۔شہباز شریف دورہ لندن کے دوران حمزہ شہباز کی اہلیہ اور اپنی پوتی کی خیریت دریافت کریں گے۔خیال رہے کہ چار اپریل کو وزارت داخلہ نے شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکال دیا تھا۔وزارت داخلہ نے لاہور ہائی کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے شہباز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا۔لاہور ہائی کورٹ نے 26 مارچ کو شہباز شریف کا ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا تھا۔لاہور ہائی کورٹ میں شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔ جسٹس ملک شہزاد احمد خان کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے شہباز شریف کی درخواست پر سماعت کی تھی۔وکیل شہبازشریف نے موقف اپنایا تھاکہ نیب نے جب شہباز شریف کو بلایا شہباز شریف پیش ہوئے پھر بھی نام ای سی ایل میں ڈالا گیا۔عدالت نے وکیل سے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی انکوائری بھی کی جا رہی ہے۔