اسلام آباد(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)نے حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کا سلسلہ عید کے بعد شروع کر نے کاعندیہ دیدیا ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری اطلاعات سینیٹر مشاہداللہ خان نے پی ٹی آئی حکومت کے خلاف سڑکوں پر احتجاج کا سلسلہ عید کے بعد (جون میں) شروع کرنے کا عندیہ دیا۔انہوں نے کہاکہ عید کے بعد ممکن ہے کہ عمران خان کی حکومت کے خلاف اپوزیشن سڑکوں پر آجائے جس نے ملک بالخصوص معیشت کو
ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہاکہ وہ لوگ جو عمران خان اینڈ کمپنی کو اقتدار میں لائے ہیں وہ بھی اپنے فیصلے کے بارے میں سوچیں گے۔پی پی پی کے ساتھ اتحاد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ غیر رسمی طور پر اپوزیشن متحد ہے اور جلد اکٹھا بیٹھ کر مشترکہ حکمتِ عملی ترتیب دی جائیگی۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اگر عمران خان کو لگتا ہے کہ اپوزیشن کی قیادت کو جیل بھیجنے سے ان کی آواز کو دبایا جاسکتا ہے تو وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔