اسلام آباد(این این آئی)نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) کی رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی اداروں کی اطلاع پر ملک بھر میں کارروائی کرتے ہوئے مزید ایک سو 78 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا کہ دہشتگردی ایکٹ (اے ٹی اے) کے تحت اس وقت 8 ہزار 3 سو 7 افراد کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کیے گئے ہیں۔مزید بتایا گیا کہ 69 تنظیموں کو کالعدم قرار دیا جا چکا ہے ،2 تنظیموں کی نگرانی کی جارہی ہے۔نیکٹا رپورٹ کے مطابق نام بدل کر کام کرنے والی 20 سے زائد تنظیموں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 4 ہزار 8 سو 63 افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرکے اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ان اکاؤنٹس سے 13 کروڑ 60 لاکھ روپے بھی ضبط کیے ہیں۔اس سے قبل 25 فروری کو سرکاری دستاویز کے مطابق اسٹیٹ بینک کو 6 ہزار ایک سو 22 بینک اکاؤنٹس کے اعداد وشمار فراہم کیے گئے تھے، جن میں سے اس وقت تک 4 ہزار 8 سو 63 اکاؤنٹس کو منجمد کیے گئے جبکہ منجمد کئے گئے بینک اکاؤنٹس سے 13 کروڑ 15 لاکھ روپے ضبط کیے گئے تھے اس کے علاوہ نیکٹا کی سفارش پر ان افراد کے اسلحہ لائسنس بھی منسوخ کر دیئے گئے تھے۔