اسلام آباد( آن لائن )وفاقی دارالحکومت میں گرین اسلام آبادکا منصوبہ فلاپ،گرین ایریا میں لگائے جانے والے مہنگے ترین کروڑوں روپے مالیت کے لاکھوں پودے افسران کے گھروں میں سمگل کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے، متعدد افسران نے ملی بھگت سے پودے اپنے اقرباء،دوست اور اعلیٰ حکام کے گھروں میں بطور تحفہ بھیج دیئے ہیں۔
قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان، وفاقی دارالحکومت کے گرین ایریا،گارڈن باغیچوں میں مہنگے ترین پودوں کی ترسیل نہ کئے جانے سے سر سبز اسلام آباد مرجھانے لگا،تفصیلات کے مطابق رواں سال میں میئرشیخ انصر عزیزنے اسلام آباد میں موسم بہار شجر کاری کا منصوبہ بڑے زور و شور سے شروع کیا جس کے مطابق اسلام آباد کے مختلف گارڈن،گرین بیلٹ اور پارکوں میں پھولدار اور دیگر مہنگے ترین پودوں کی ترسیل کی جانا تھی اس لحاظ سے اسلام آباد میں 30لاکھ سے زیادہ پودے لگائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ میٹرو پولیٹن اور سی ڈی اے کے شعبہ انوائرمنٹ کے اعلی افسران جن میں ڈی جی ،ڈپٹی ڈی جیز ڈائریکٹر ،ڈپٹی ڈائریکٹرز اورکچھ ریٹائر آفیسرزشامل ہیں نے مہنگے ترین پودے جو گرین ایریا میں نصب کئے جانے تھے۔ غیر قانونی طریقے سے اپنے گھروں میں شفٹ کر لئے ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ3بورڈ ممبرز کے علاوہ انوائرمنٹ کے دیگر افسران کے گھروں میں سجائے جانے والے مہنگے ترین پودوں کی تعداد ہزاروں میں ہے اور ان کی قیمت کروڑ روپے بنتی ہے جبکہ انوائرمنٹ کے 7دیگر افسران نے بھی کروڑوں کے مہنگے ترین پودوں کواپنے گھروں کی زینت بنا رکھا ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ سی ڈی اے کے بعض ملازمین نے بھی یونینز کا سہارا لیتے ہوئے سرکاری نرسری میں اہم ترین پودوں کو غائب کر دیا ہے ۔سی ڈی اے کی نرسری جہاں پر لاکھوں پودے رکھے جاتے تھے لیکن ملی بھگت سے ما سوائے سستے پودوں کے وہاں8ایکڑ پر مشتمل نرسری پودوں سے خالی پڑی ہے۔ اس حوالے سے سی ڈی اے کے شعبہ ویجلینس کو متعدد بار تحریری و زبانی شکایات وصول ہوئیں لیکن اعلیٰ افسران کے خلاف ایکشن لینے میں کوتاہی برتی جا رہی ہے اور ہر سال سی ڈی اے سے مہنگے ترین کروڑوں روپے کے پودے غائب کر دیئے جاتے ہیں ۔
سی ڈی اے کے ترجمان ڈائریکٹر تعلقات عامہ مظہر حسین سے موقف لیا تو انہوں نے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے چند معلومات حاصل ہوئی ہیں ہم نے تحقیقاتی کمیٹی بنا دی ہے جو فوری طور پر چوری کئے گئے پودوں کو تلف کرے گی اورجن جن افسران و ملازمین کے گھروں سے چوری کئے گئے پودے پکڑے گئے ایسے افسران و ملازمین کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی بلکہ قیمتی پودوں کو فوری طور پر قبضے میں لیا جائے گا ۔