شکار پور (این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ کا نام تبدیل کرنا پروگرام کو بند کرنے کی سازش ہے،ٹھٹھہ اور سہون میں بینظیر انکم سپورٹ کی رقم نہ ملنے پر خواتین احتجاج کر رہی ہیں،
یہ لوگ عوام دشمن اور غریب دشمن لوگ ہیں،وفاقی حکومت کے رویے کی وجہ سے ہمیں ترقیاتی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے،پانی کی چوری روکیں گے اور پانی کی بچت کریں گے۔ اتوار کو یہاں شجرکاری مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ کا نام تبدیل کرنا ایک سازش ہے، یہ لوگ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹھٹھہ اور سہون میں بینظیر انکم سپورٹ کی رقم نہ ملنے پر خواتین احتجاج کر رہی ہیں، یہ لوگ عوام دشمن اور غریب دشمن لوگ ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ یہ لانگ ٹرم سازش ہے، یہ لوگ پہلے نام تبدیل کریں گے اور پھر رقم کم کریں گے، یہ لوگ پھر پروگرام بند کر دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے پیسہ ضائع ہو رہا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ ملک کا سب سے اچھا پروگرام ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے ناصرف خواتین مضبوط ہو رہی ہیں بلکہ معیشت کو بھی طاقت مل رہی ہے۔حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ ارسا سندھ کے ساتھ ناانصافی کر رہا ہے، وفاقی حکومت کے رویے کی وجہ سے ہمیں ترقیاتی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پانی کی چوری روکیں گے اور پانی کی بچت کریں گے۔