کراچی(آن لائن) کلفٹن پولیس نے فیس بک کے ذریعے دوست بناکر کروڑوں روپے ہتھیانے والے گروہ کو گرفتار کرلیا ہے۔کراچی میں کلفٹن پولیس اور سی پی ایل سی نے مشترکہ کارروائی کرکے لوگوں کو فیس بک پر بیوقوف بنانے اور رقم و مہنگے فون ہتھیانے والے جعل ساز گروہ کو گرفتار کرلیا ہے
تاہم گروہ کی مرکزی کردار نمرہ نامی لڑکی تاحال مفرور ہے۔ایس پی کلفٹن سہائی عزیز کے مطابق گرفتار ملزمان میں تیمور، ولید اورعدیل شامل ہیں، اور ان کے قبضے سے دھوکہ دہی سے حاصل کیے جانے والے موبائل فونز اورنقدی برا?مد کرلی گئی، جب کہ ان کی ساتھی نمرہ فرار ہونے میں کامیاب ہوگئی ہے، جس کی گرفتار کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ ملزم تیمور اعلیٰ تعلیم یافتہ اور گروہ کا ماسٹر مائند ہے، اس نے اپنی ٹیم بنائی ہوئی ہے، جس میں نمرہ نامی لڑکی اورمزید 2 ساتھی شامل ہیں، چاروں ملزمان کے الگ الگ کام تھے۔ گرفتار تیمور اورعدیل فیس بک اور او ای ایکس پر مخصوص کمیونٹی کے امیر افراد اور تاجروں کو تلاش کرتے تھے، اور ہدف پانے کے بعد نمرہ کو اس شخص کی آئی ڈی فراہم کی جاتی تھی جس پر نمرہ مخصوص افراد سے مختلف طریقوں سے پیسوں کی ٹرانزکشن کرواتی تھی۔سہائی عزیز نے بتایا کہ ملزمان کی جانب سے کاروباری افراد سے ایک سے ڈیڑھ لاکھ تک کا موبائل فون منگوایا جاتا تھا، اور پھر عدیل اور تیمور مارکیٹ میں جاکر موبائل فون فروخت کردیتے تھے، گرفتار ملزمان اوران کی مفرور ساتھی گزشتہ دو سال میں شہریوں کے کروڑوں روپے لوٹ چکے ہیں، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔