کراچی(این این آئی) ملک میں توانائی کی طلب میں اضافہ،نئے ذخائر کی تلاش میں حکومتی غفلت، تیل اور گیس کے موجودہ ذخائر تیزی سے ختم ہونے لگے۔تیل اور گیس کی دستیابی سے متعلق وزارت پیٹرولیم کے چونکا دینے والے انکشافات سامنے آ گئے ۔دستاویزات کے مطابق تیل اور گیس کے موجودہ ذخائر صرف 13 سال کے لیے رہ گئے،66برسوں میں 37ہزار ارب کیوبک فٹ گیس کے ذخائر استعمال کر لیے گئے۔ دستاویزات کے مطابق ملک بھر میں 321 ذخائر میں گیس کی مقدار
19ہزار ارب کیوبک فٹ رہ گئی، سوئی میں گیس کے بڑے ذخائر 12ہزار ارب سے کم ہو کر 1 ہزارارب کیوبک فٹ رہ گئے، تیل کے 1 ارب 24 کروڑ بیرل کے ذخائر میں سے 89 کروڑ بیرل تیل استعال کر لیا گیا ملک میں گیس کی یومیہ پیداوار 4 ارب کیوبک فٹ اور تیل 90ہزار بیرل پیدا ہوتا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ ملک کے66 فیصد حصے میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے سروے تک نہ ہو سکا، متعدد مقامات پر تیل اور گیس دریافت ہوا لیکن پیداوار شروع نہ کی جاسکی۔