کراچی(این این آئی)حکومت نے ملک بھر کے لاکھوں چھوٹے دکانداروں کو ٹیکس دائرے میں لانے کی غرض سے فکسڈ ٹیکس ریجیم پرعملدرآمد کافیصلہ کرلیاہے ۔ فکسڈ ٹیکس ریجیم پرکافی عرصے سے کام جاری تھا اور اب سکیم کوحتمی شکل دے دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فکسڈ ٹیکس ریجیم پر چھوٹے دکانداروں ، چھوٹے تاجروں کی ملک بھر کی تنظیموں سے مشاورت کے بعد15اپریل2019سے عملدرآمد شروع کردیاجائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ فکسڈ ٹیکس کا تعین دکان کے سائز،
علاقے میں کاروبارکی نوعیت یاٹرن اوور کی بنیاد پر کیاجائے گا۔ دکانداروں کو مقررہ فکسڈ ٹیکس کی ادائیگی پر سند جاری کی جائے گی جسے وہ دکان میں آویزاں کرنے کے پابند ہوں گے جس سے وہ ٹیکس افسروں کو رشوتیں دینے سے بھی بچ جائیں گے ۔ ذرائع کاکہناہے کہ فکسڈ ٹیکس ریجیم سے ایف بی آر کو کئی ارب روپے کی اضافی ٹیکس آمدنی حاصل ہوگی تاہم ٹیکس آمدن وصولی کاتخمینہ سکیم کوحتمی شکل میں نافذ کرنے کے بعد ہی لگایاجاسکے گا۔