اسلام آباد(اے این این) محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان کے بیشترعلاقوں میں کل مطلع ابرآلود رہے گا۔ کوئٹہ، ژوب، قلات، مکران، ڈی جی خان، ملتان، سکھر، لاڑکانہ اور بہاولپور ڈویژن میں چند مقامات پر تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اتوار کی صبح ہلکے بادل چھائے رہے اور خنکی میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اسلام آباد کا درجہ حرارت آج صبح 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔کراچی میں صبح کے وقت درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ اور ہوا میں نمی کا تناسب 72 فیصد رہا۔ محکمہ موسمیات نے اتوار کے روز شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی پیش گوئی کی ۔بلوچستان کے چند اضلاع میں کل گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے کوئٹہ، پشین، ژوب، لورالائی، ماشکیل، مستونگ اور نوشکی میں بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات نےکل خیبرپختونخوا کے چند اضلاع میں بھی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ بٹگرام، ہزارہ، کوہستان، مانسہرہ، سوات، چترال اور دیر میں بارش ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملتان، رحیم یارخان، راجن پور، لیہ، بہاولپور، بہاولنگر اور مظفرگڑھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ساہیوال اور گردونواح میں صبح کے وقت تیز ہواں کے ساتھ ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔گزشتہ روز ملک کے بیشتر علاقوں میں مطلع ابرآلود رہا تاہم سرگودھا، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، ڈی جی خان،کوئٹہ، ژوب، کوہاٹ، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن میں کہیں کہیں بارش ہوئی۔