اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن )کے رہنما سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں، نیشنل ایکشن پلان پر ہمارے دور میں بہت سارا کام مکمل ہو چکا تھا، تھوڑا بہت کام رہ گیا تھا۔ وہ بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون کیلئے تیار ہیں، گزشتہ حکومت کی وجہ سے
ہی دہشت گردی میں کمی واقع ہوئی جس کی وجہ سے آج پاکستان کے عوام سکون کی نیند سو سکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہاکہ نیشنل ایکشن پلان پر ہمارے دور میں بہت سارا کام مکمل ہو چکا تھا، تھوڑا بہت کام رہ گیا تھا، ہم نے فنڈنگ وغیرہ کر دی تھی لیکن کسی بھی کام کو انجام تک پہنچانے میں وقت لگتا ہے، ہم نے جہاں سے کام کا اختتام کیا تھا موجودہ حکومت وہاں سے کام شروع کرنا چاہتی ہے یا نئے سرے سے، یہ اب اس پرمنحصر ہے۔