اسلام آباد (این این آئی) احتساب عدالت نے شہید بینظیر بھٹو ہاؤسنگ سکیم کے سابق چیئرمین سمیت 7 سابق سرکاری اور نیم سرکاری افسران کو ہاؤسنگ سکیم کے سرکاری فنڈز میں 24 کروڑ روپے کی خورد بردکا مجرم قرار دے کر قید اور جرمانے کی سزا سنادی ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سابق چیئرمین منظرعباس، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر کو کرپشن اور اختیارات کے ناجائزاستعمال کرنے پر مجرم قرار دیاگیا۔احتساب عدالت (فور) کے جج فرید انور قاضی نے تمام فریقین کے بیانات قلمبند کرنے کے بعد محفوظ شدہ فیصلہ سنایا۔ احتساب عدالت
کے جج نے مرکزی مجرم منظر عباس سمیت دیگر چار مجرموں کو 5 برس قید اور فی کس مجرم ڈیڑھ کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔علاوہ ازیں عدالت نے دو مجرموں کو 2 برس قید اور 60 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے مرکزی ملزم منظر عباس سمیت دیگر مجرموں کو 2015 میں حراست میں لے کر ان کے خلاف کرپشن ریفرنس فائل کیاتھا،نیب کی جانب سے مجرموں پر کم لاگت ہاؤسنگ سکیم کے فنڈز میں 36 کروڑ روپے سے زائد کی کرپشن یا خورد برد کا الزام لگایا گیا تھا۔