لاہور ( این این آئی)وفاقی حکومت کی جانب سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی کے لئے انٹرویوز کا سلسلہ مکمل ہو گیا،3ناموں پر مشتمل پینل وزیر اعظم کو بھجوایا جائے گا جو کسی ایک کی چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی منظوری دیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے حکم سے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئر مین کے
انتخاب کے لئے 6رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے سربراہ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی نور الحق قادری تھے ۔ جبکہ دیگر ممبران میں ایڈوائزر برائے وزیر اعظم برائے انسٹی ٹیوشنل ریفارمز اینڈ آسٹریریٹی ڈاکٹر عشرت حسین ،وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ، وفاقی سیکرٹری کیبنٹ ڈویژن، وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور وفاقی سیکرٹری قانون و انصاف بھی کمیٹی میں بطور ممبر شامل تھے ۔ مذکورہ کمیٹی نے چیئرمین کے لئے دی جانے والی 150 سے زائد درخواستوں کی ابتدائی مرحلے میں شارٹ لسٹنگ کی ۔ذرائع کے مطابق 10 افراد کو چیئرمین کے طور پر کام کرنے کا اہل سمجھتے ہوئے انٹرویوز کئے گئے جن میں ایک ریٹائرڈ میجر جنرل، ایک ریٹائرڈ بریگیڈ ئیر، ایک ریٹائرڈ جسٹس، ایک ریٹائرڈ سول بیوروکریٹ(پی اے ایس آفیسر )،لاہور سے تعلق رکھنے والی ایک ممتاز ماہر تعلیم اور ایک معروف ہندو وکیل بھی شامل تھے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرویو کئے جانے والے افراد میں سے 3ناموں پر مشتمل پینل وزیر اعظم کو بھجوایا جائے گا جو ان تین میں سے کسی ایک کی چیئرمین کے طور پر تعیناتی کی منظوری دیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے منتخب چیئرمین مارچ کے پہلے ہفتے میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالیں گے ۔