نئی دہلی (این این آئی)سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاک بھارت جامع مذاکرات کو بھارت اور سعودی عرب کے مشترکہ اعلامئے کا حصہ بنوا دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق بھارت سعودی عرب مشترکہ اعلامئے میں پاک بھارت جامع مذاکرات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ پاک بھارت جامع مذاکرات کی بحالی کیلئے درکار ماحول قائم ہونا چاہئے۔ بھارت سعودی عرب مشترکہ اعلامئے میں علاقائی استحکام اور پڑوسیوں کے اچھے تعلقات کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا ہے۔مشترکہ اعلامئے میں کہا گیا ہے کہ
انتہا پسندی اور دہشت گردی کا عفریت تمام اقوام اور معاشروں کیلئے خطرہ ہے، پلوامہ میں دہشت گرد حملے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔خیال رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے بعد بھارت کا دورہ کیا تھا جہاں بھارتی صحافیوں کی جانب سے سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر سے پاکستان کی مذمت کروانے کی بھرپور کوشش کی گئی لیکن سعودی وزیر نے بھارتی صحافی کو یہ کہہ کر چپ کروا دیا کہ جب ہمارے پاس پاکستان کیخلاف کوئی ثبوت نہیں ہیں تو ہم کیسے پاکستان کی مذمت کر یں۔