اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے انسداد پولیو مہم بابر بن عطا نے کہا ہے کہ خیبرپختونخواہ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں سیوریج کے پانی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ انسداد پولیو پروگرام کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملک بھر میں
پولیو وائرس دوبارہ سر اٹھانے لگا۔ 10شہروں کےسیوریج میں پولیووائرس کی تصدیق ہوئی۔ اعلامیے کے مطابق فیصل آباد، لاہور، راولپنڈی، سکھر، قلعہ عبداللہ، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، پشاور اورجنوبی وزیرستان کےسیوریج میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی۔ وزیراعظم کے فوکل پرسن کا کہنا تھا کہ ‘وائرس کی تاحال موجودگی بڑے خطرے کی نشاندہی ہے، والدین اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین ضرور پلائیں کیونکہ یہ قومی فریضہ ہے‘۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز پولیو کے مزید دو نئے کیسز سامنے آئے تھے جس کے بعد رواں سال کی تعداد چار تک پہنچ گئی تھی، بابر بن عطا نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ’خیبرپختونخواہ کے علاقے ہنگو میں چار ماہ کی بچی اور لاہور کے علاقے شالیمار ٹاؤن کے 8 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی‘۔ بابر بن عطا کا کہنا تھا کہ پولیو کیسز کے حوالے سے مکمل اور جامع تحقیقات کی جائیں گے اور غفلت کے مرتکب پولیو رضاکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں انسداد پولیو کی نئی حکمت عملی جلد وضح کریں گے۔