لاہور ( این این آئی) اینٹی کرپشن عدالت نے جعلی ڈگری کیس میں وفاقی وزیر پٹرولیم چوہدری غلام سرور کو 28فروری کو عدالت میں حاضری کا آخری موقع دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیش نہ ہوئے تو وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے جائیں گے ۔سینئر سپیشل جج اینٹی کرپشن بہادرعلی خان کی عدالت میں وفاقی وزیر پٹرولیم چوہدری غلام سرور کیخلاف جعلی ڈگری کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے چوہدری غلام سرور کی ایک بار پھر حاضری سے معافی کی درخواست پر
اظہار برہمی کیا اور ریمارکس دئیے کہ آخری بار حاضری سے معافی کی درخواست منظور کی جا رہی ہے، وزیر پیٹرولیم آئندہ سماعت پر 28فروری کو پیش نہ ہوئے تو ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے جائیں گے اس لئے آئندہ تاریخ سماعت پر ملزم کو ہر حال میں پیش ہونا ہو گا۔ عدالت نے مزید کارروائی کے لئے کیس کی سماعت 28 فروری تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ وزیر پٹرولیم غلام سرور کیخلاف جعلی ڈگری پر اینٹی کرپشن نے چالان پیش کر رکھا ہے۔