پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کی رہنما اور صوبائی رکن اسمبلی ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے پشاور بی آر ٹی سفید ہاتھی بن چکا ہے اور اب تک اس ایندھن میں 120ارب روپے چھونک دیئے گئے ہیں،اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ14ارب روپے میں میٹرو بنانے والے الف لیلوی کردار سکرین سے غائب ہیں اور اس کی لاگت 120ارب سے تجاوز کر چکی ہے
پھر بھی سفید ہاتھی چل نہیں پا رہا، انہوں نے کہا کہ نیب والوں نے اپنی احتسابی توپوں کا رخ صرف پنجاب اور اپوزیشن جماعتوں کی طرف موڑ رکھا ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں پشاور میٹرو میں ہونے والی کرپشن کھلی کتاب کی مانند ہے جسے احتسابی ادارے ٹٹولنے سے ہچکچا رہے ہیں، ثمر بلور نے کہا کہ مدینہ جیسی ریاست میں گھپلوں کا کوئی تصور نہیں تھا ،الیکشن سے قبل عوام کو الف لیلیٰ کی داستانیں سنانے والے منظر عام سے غائب ہیں،پی ٹی آئی کے ’[بڑوں ‘] نے بی آر ٹی کے افتتاح کیلئے جو تاریخیں دیں اور اب تک دی جا رہی ہیں وہ ایک تماشہ بن چکا ہے اور بادی انظر میں دکھائی ایسا دے رہا ہے کہ مذکورہ سفید ہاتھی چلنے سے قبل اپنی موت آپ مر جائے گا،انہوں نے منصوبے کی لاگت بارے وزیر بلدیات کے بیان کو تعجب خیز قرار دیا اور کہا کہ پشاور کے عوام اس کے زیر و زبر سے بخوبی آگاہ ہیں اور وزیر موصوف انگلی سے سورج کو چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ عوام کو مزید گمراہ کرنے کی بجائے منصوبے کی تکمل یقینی بنائی جائے تاکہ ذہنی کرب میں مبتلا پشاور کے عوام سکھ کا سانس لے سکیں۔