میرپورماتھیلو(این این آئی)گذشتہ روز قتل ہونے والے تین مقتولین کے ورثا لاشیں وصول کرکے اپنے اپنے شہروں کو روانہ ہوگئے ،ورثانے دعوی کیاکہ تینوں افراد کو گذشتہ برس اغوا کیا گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق میرپور ماتھیلو میں گذشتہ روز قتل ہونے والے تینوں مقتولین عبدالمالک ، ابو بکراور یاسر کے ورثا لاشیں وصول کرنے میرپور ماتھیلو پہنچ گئے۔ورثا کے مطابق یاسر علی کو گذشتہ برس نا معلوم کار سواروں کی جانب سے اغوا کیا گیا تھا، جس کے اغوا کی درخواست ڈی پی او پاکپتن کو دے رکھی تھی جبکہ عبدالمالک کو جلال پور سے کرکٹ کھیلتے ہوئے
اغوا کیا گیا، جس کی اطلاع متعلقہ تھانے پر درج کروائی گئی تھی۔ابو بکر کے والد کے مطابق ابو بکر کو بھی 2018 میں اغوا کیا گیا تھا ابو بکر کے اغوا کی اطلاع بھی متعلقہ تھانے پر درج کروا رکھی ہے۔ورثانے کہا کہ ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں ہے۔دوسری جانب پولیس نے تمام کاغذی کاروائی مکمل کرنے کے بعد تینوں افراد کے قتل کا مقدمہ نا معلوم ملزمان کے خلاف سرکار کی مدعیت میں درج کر لیا ہے۔ تاہم ملزمان تک پہنچنے کے حوالے سے کوئی پیش رفت نہیں ہوئی ہے۔ورثا تینوں مقتولین کی لاشیں لے کراپنے اپنے شہروں کوروانہ ہوگئے