لاہور ( این این آئی) صوبائی دارالحکومت کے علاقہ گلشن راوی میں ڈاکٹر کو اغواء کرنے کے بعد قتل کر کے لاش گندے نالے میں پھینک دی گئی ،پولیس اور ریسکیو ٹیمیں کئی گھنٹے تک لاش کی تلاش میں مصروف رہیں ۔ پولیس کے مطابق تین ملزمان نے پیسوں کے لالچ میں ڈاکٹر وسیم کو اغواء کیا اور اس کے اکاؤنٹ سے بھاری رقم ٹرانسفرکی۔ملزموں نے رقم ہتھیانے کے بعد ڈاکٹر کو قتل کر کے لاش گلشن راوی نالے میں پھینک دی۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر وسیم کے اغواء کا مقدمہ 22جنوری کو تھانہ نصیر آباد میں درج کیا گیا جس کے بعد کار تلاش کر لی گئی تھی ۔پولیس نے مغوی ڈاکٹرکے فون ریکارڈ کی مدد سے تین افراد کو حراست میں لے لیا اور ان کے اعتراف پر ریسکیو ٹیموں کی مدد سے لاش کی تلاش شروع کر دی گئی ۔ پولیس کے مطابق خدشہ ہے کہ گزشتہ دنوں ہونے والی بارش کی وجہ سے لاش بہہ کر آگے بھی جا سکتی ہے ۔