اسلام آباد(اے این این)سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم(جے آئی ٹی)کی رپورٹ وزیراعظم عمران خان کو پیش کردی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کو نہ صرف جے آئی ٹی رپورٹ پیش کی گئی بلکہ انہیں اس رپورٹ کی روشنی میں حکومت پنجاب کے اقدامات سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں سی ٹی ڈی افسران کو قتل کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے اور بتایا گیا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں مقتول میاں بیوی اور ان کی بیٹی بے گناہ ثابت ہوئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق سی ٹی ڈی کے سربراہ سمیت 3 افسران کو تبدیل کردیا گیا جب کہ 2 افسر معطل کیے گئے اور واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف انسداد دہشت گردی کی عدالت میں مقدمات چلائے جائیں گے۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پنجاب پولیس میں اصلاحات کے لیے سفارشات طلب کرلیں اور مسقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے بھی سفارشات طلب کی گئی ہیں۔یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کل رات ہی دورہ قطر مکمل کر کے پاکستان پہنچے ہیں اور قطر روانگی سے قبل ان کا ٹوئٹر پیغام میں کہنا تھا کہ ساہیوال واقعے پر عوام میں پایا جانے والا غم و غصہ بالکل جائز اور قابلِ فہم ہے، قوم کو یقین دلاتا ہوں کہ قطر سے واپسی پر نہ صرف اس واقعے کے ذمہ داروں کو عبرت ناک سزا دی جائے گی بلکہ پنجاب پولیس کے پورے ڈھانچے کا جائزہ لوں گا۔