اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب پولیس کے حکام نے سانحہ ساہیوال میں ملوث پیٹی بھائیوں کوبچانےاور معاملے کو حل کرنے کے لیے مقتول خلیل کے ورثا سے صلح کیلئے دباؤ ڈالنا شروع کر دیا۔ مقتول کے ورثا کو دیت لے کر معاملہ حل کرنے کیلئے رابطے شروع کر دیئے گئے ہیں ، تاہم ورثانے کوئی بھی جواب دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالت غم سے نکلنے پر ہی جواب دیاجائے گا۔روزنامہ امت کے مطابق پولیس حکام نے مقتول خلیل کے ورثا پر صلح کیلئے دباؤڈالنا شروع کر دیاہے۔
پولیس حکام کی کوشش ہے کہ متاثرہ خاندان خون بہالے کر معاملہ ختم کردے ، تاہم ابھی تک انہیں کی ورثا کی جانب سے مثبت جواب ملا ہے اور نہ ہی وہ کسی بھی طور پر تھانے میں پیش ہونے کو تیار ہیں۔پولیس افسران کی کوشش ہے کہ ورثا کا نامکمل بیان ریکارڈکرکے ان کا کیس مزید کمزور کر دیاجائے۔ادھر مقتول خلیل کے بھائی جلیل نے جے آئی ٹی رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں انصاف نہ ملا تو وہ اہلخانہ کے ہمراہ فیروز پور روڈ بلاک کر کے دھرنا دیں گے۔