اسلام آباد (آن لائن) امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں اپنے قیام میں توسیع کر دی۔ ہفتے کے روز امریکا واپس جانا تھا تا ہم پاکستان کی مدد سے طالبان کو مذاکرات کے لئے راضی کرنے کے مشن اور طالبان سے ملاقات کی امید پر قیام بڑھا دیا ۔ امریکی سفارتخانہ ان کی روانگی کی حتمی تاریخ دفتر خارجہ کو بتائے گا ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے پاکستان میں اپنے قیام کا دورانیہ بڑھا دیا ہے۔ زلمے خلیل زاد نے
ہفتے کے روز امریکا واپس روانہ ہونا تھا۔لیکن طالبان سے مذاکرات کے لئے پیش رفت نہ ہونے کے باعث انہوں نے واپسی موخر کر دی زلمے خلیل زاد پاکستان کی مدد سے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے اور طالبان نمائندوں سے ملاقات کی امید لئے پاکستان میں اپنے قیام میں اضافہ کئے جا رہے ہیں ان کی واپسی کی نئی تاریخ ابھی تک طے نہیں ہو سکی ہے تا ہم ابو ظہبی میں امریکی سفارتخانہ زلمے خلیل زاد کی روانگی کی حتمی تاریخ بارے وزارت خارجہ کو آگاہ کرے گا۔