اسلام آباد (آئی این پی ) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور سابق وزیرِ خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان کو امریکا سے روابط بہتر کرنے سے پہلے اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر کرنے چاہیے، دونوں ہاتھوں میں کشکول اٹھائے پاکستان دنیا میں قوموں کے سامنے اپنی عزت نہیں کرواسکتا، پاکستان میں امریکا کو جتنی عزت دی جاتی ہے وہ اتنی عزت کا حق دار نہیں ہے،
ہماری معیشت امریکی امداد پر انحصار نہیں کرتی۔ پاک امریکا تعلقات سے متعلق ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ اسلام آباد نے کسی ملک کا اسٹریٹجک پارٹر بننے کے بجائے خاموش ریاست کا کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ہاتھوں میں کشکول اٹھائے پاکستان دنیا میں قوموں کے سامنے اپنی عزت نہیں کرواسکتا۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کے لیے اہم ترین ممالک اس کے پڑوسی افغانستان، بھارت، ایران اور چین ہیں اور امریکا سے تعلقات بہتر بنانے کے بجائے پہلے ان ممالک کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے آپ کو ایک اسٹریٹیجک پارٹنر تصور کرتا ہے لیکن یہ حقیقت سے بہت دور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں امریکا کو جتنی عزت دی جاتی ہے وہ اتنی عزت کا حق دار نہیں ہے کیونکہ ہماری معیشت امریکی امداد پر انحصار نہیں کرتی۔موجودہ حکومت کی چین کے نقش قدم پر چلنے کی مثال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے حنا ربانی کھر نے کہا کہ چین نے اپنے لوگوں کو غربت سے نکالا ہے لیکن تحریک انصاف کی حکومت مخالف سمت میں جارہی ہے۔