اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش اور بوندا باندی سے دھند کا خاتمہ اور سردی کی شت میں اضافہ ہو گیا، محکمہ موسمیات نے لاہور اور نواحی علاقوں میں مزید بارش کی نوید سنانے سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کر دی۔ تفصیلات کےمطابق گزشتہ روز جڑواں شہروں اسلام آباد
اور راولپنڈی سمیت لاہور اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کراچی میں بھی گزشتہ روز بادل چھائے رہے اور مختلف علاقوں میں بارش بھی ہوئی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔ گزشتہ روز چوبیس گھنٹوں کے دوران زیادہ تر علاقوں میں موسم شدید سرد رہا جبکہ لاہور اور اس کے مضافات سمیت کوہاٹ ، پشاور ڈویژن اور گلگت بلتستان میں ایک یا دو مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہوئی۔ پارہ چنار میں چار، بگروٹ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ گزشتہ روز سکردو، کالام میں پارہ نو، گوپس، استور، بگروٹ میں آٹھ ، مری میں دو تک گر گیا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے درمیان مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، سرگودھا، گوجرانوالہ ، فیصل آباد، راولپنڈی، لاہور ڈویژن ، اسلام آباد ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں کہیں کہیں جبکہ ڈی آئی خان، بنوں، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور ، ساہیوال اور سکھر ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن ، ہزارہ ڈویژن، مری ، گلیات، گلگت بلتستان اور کشمیر میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے اور سردیوں کا دورانیہ طویل ہونے کی پیشگوئی کر دی گئی ہے، یہ پیشگوئی موسمیاتی تبدیلی پر نظر رکھنے والے ادارے کی جانب سے کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق جنوری اور مارچ کے دوران پاکستان کے بالائی علاقوں میں بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی، محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا، شمالی پنجاب، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تین ماہ تک بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا