پشاور(آن لائن)احتساب عدالت نے کرپشن کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مواصلات ارباب عالمگیر اور سابق رکن قومی اسمبلی عاصمہ عالمگیر پر فرد جرم عائد کردی ہے ۔ قومی احتساب بیورو(نیب)نے دونوں میاں بیوی کے خلاف 33 کروڑ 21 لاکھ روپے کا ریفرنس دائر کر رکھا ہے۔احتساب عدالت کے جج محمد اشتیاق نے ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کے خلاف کیس کی سماعت کی سماعت کے دوران
فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے ارباب اور عاصمہ عالمگیر پر فرد جرم عائد عائد کرتے ہوئے چار گواہان کو 24 جنوری کو طلب کرلیاہے۔اس سے قبل پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے ارباب عالمگیر اور عاصمہ عالمگیر کے ہمراہ عدالت میں داخلے کی کوشش بھی کی، جس پر پولیس اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔سماعت کے بعد ارباب عالمگیر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ ہم کوئی کرپشن نہیں کی ،بلکہ ہم نے اپنے دور اقتدار میں عوام کی خد مت کی ہے ،ہماری جائیداد باپ دادا کی اور 200 سال پرانی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جو جائیداد میرے نام پر نہیں، میں نے نیب کو اس کا بھی بتایا۔دوسری جانب میڈیاسے بات چیت کے دوران عاصمہ عالمگیر نے نیب کو مذاق قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے خلاف ریفرنس دائر کئے گئے، لیکن سابق وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک پر کوئی ریفرنس دائر نہیں کیا گیا،ساتھ ہی انہوں نے پرویز خٹک کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کیا اورکہا کہ ہمارے خلاف جو ریفرنس دائر کئے گئے، وہ غلط ہیں، کیونکہ ہم ٹیکس باقاعدگی سے دیتے ہیں۔