تہران(آئی این پی/شِنہوا)عالمی بینک نے اپنی حالیہ رپورٹ میں سال2019 میں اسلامی جمہوریہ ایران کی معیشت میں بہتری آنے کی پیشن گوئی کردی ہے۔رپورٹ کے مطابق،ایران سے متعلق امریکی پابندیوں کے تیل مارکیٹ پر اثرات اور مخصوص ممالک کو ملنے والی امریکی استثنی کے خاتمے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر کچھ نہیں کہا جاسکتا۔عالمی بینک نے مزید کہا کہ دنیا میں بڑی معیشت رکھنے والے ممالک بشمول ایران جن کی صورتحال گزشتہ سال اچھی
نہیں رہی رواں سال ان کی معیشت میں بہتری آئے گی۔’عالمی معیشت کے امکانات’ کے عنوان سے شائع ہونے والی اس رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ وینزویلا کی تیل پیداوار میں کمی اور تیل منڈی کو ایران مخالف امریکی پابندیوں سے درپیش خدشات کی وجہ سے برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔گزشتہ نومبر میں ایران سے تیل خریدنے کے لئے چین اور بھارت سمیت 8 ملکوں کو امریکہ کی جانب سے عبوری استثنی ملنے کے بعد تیل کی قیمتوں میں کافی حد تک کمی آئی۔