نئی دہلی (این این آئی)بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے کہاہے کہ افغان طالبان کے ساتھ ’پیشگی شرائط‘ کے بغیر امن مذاکرات کا خیر مقدم کرتے ہیں۔بپن راوت نے نئی دہلی میں بھارتی وزارت خارجہ اور آبزرور ریسرچ فاؤنڈیشن کے مشترکہ تعاون سے منعقدہ ریسینا ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے افغان طالبان سے مذاکرات سے متعلق اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات اس وقت تک ہونے چاہئیں جب تک وہ کوئی پیشگی شرائط نہیں رکھتے اور افغانستان میں امن اور استحکام قائم کرنے
کے خواہاں ہوں۔بھارتی آرمی چیف نے یہ اعتراف کیا کہ افغانستان میں قیام امن بھارت، پاکستان اور پورے خطے کے حق میں ہے۔انہوں نے کہا کہ جب آپ پیشگی شرائط رکھتے ہیں تواس سے فرضی فتح کا احساس ہوتا ہے کہ شرط رکھنے والا خود کو طاقت ور سمجھتا ہے اور اسی حیثیت سے مذاکراتی عمل میں شامل ہونا چاہتا ہے۔بھارتی آرمی چیف نے الزام لگایا کہ پاکستان نے افغانستان کو بیک یارڈ کی طرح استعمال کیا اور اب افغان تنازع کے ایسے حل کیلئے کوشش کررہا ہے جو اس کے لیے مناسب ہوگا۔