ریاض(این این آئی)سعودی عرب میں ایک نیا قانون متعارف کروایا گیا ہے جس کے تحت اب سعودی خواتین اپنی ہی طلاق سے لاعلم نہیں رہیں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق یہ قانون نافذ کیا جا رہا ہے اور اس کے تحت عدالتیں خواتین کو ان کی طلاق سے متعلق فیصلے کے بارے میں انھیں موبائل پر پیغام بھیج کر آگاہ کریں گی۔مقامی خاتون وکلا کے مطابق اس اقدام سے خفیہ طلاقوں کا خاتمہ ہوگا۔
اس سے قبل مرد اپنی بیویوں کو آگاہ کیے بغیر ہی شادی ختم کر دیتے تھے۔اس قانون کے ذریعے اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ خواتین اپنی ازدواجی رشتے سے مکمل آگاہ ہوں گی اور اپنے نان نفقہ کے حقوق کا مکمل تحفظ کر سکیں گی۔گذشتہ سال سعودی عرب میں خواتین کے گاڑی چلانے پر عائد دہائیوں پرانی پابندی کا بھی خاتمہ کر دیا گیا۔سعودی وکیل نصرین ال غامدی نے بتایاکہ اس نئے اقدام کی مدد سے طلاق کے بعد خواتین کے نان نفقہ کے حق کو محفوظ بنایا جائے گا۔ اس کے ذریعے اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے گا کہ طلاق سے قبل جاری کیے جانے والے کسی بھی پاوور آف اٹارنی کا غلط استعمال نہ کیا جائے۔مقامی اخبار اوکاز سے بات کرتے ہوئے وکیل سمیہ ال ہندی نے کہا کہ کئی خواتین پہلے ہی عدالتوں میں بنا آگاہ کیے طلاق کے حوالے سے درخواست جمع کروا چکی ہیں۔یہ نیا اقدام سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے کی جانے والی معاشی اور سماجی اصلاحات کا حصہ ہیں، جن کے تحت پہلے ہی خواتین کو فٹبال میچ دیکھنے اور ان جگہوں پر ملازت کی اجازت دینا ہے جو عام طور پر مردوں کے لیے مختص سمجھی جاتی رہی ہیں۔