لاہور (این این آئی) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ ضروری اشیاء کی درآمدکے لیے ایڈوانس پیمنٹ کی سہولت بحال کرے ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور نائب صدر
فہیم الرحمن سہگل نے کہا کہ رواں سال جولائی میں سٹیٹ بینک آف پاکستان نے ایکسپورٹ سے وابستہ صنعتوں کو ضروری اشیاء کی باآسانی درآمد کے لیے دی گئی وہ سہولت واپس لے لی جس کے تحت وہ بغیر لیٹر آف کریڈٹ کے دس ہزار ڈالر فی انوائس ایڈوانس پیمنٹ کرسکتے تھے، اس سے برآمد کنندگان پریشان ہیں اور انہیں اپنے بین الاقوامی آرڈرز پورے کرنے میں دشواریاں درپیش ہیں، اس سے نہ صرف ان کے لیے ضروری اشیاء کی درآمد کا عمل مشکل ہوگیا ہے بلکہ پیداواری لاگت بھی بڑھ گئی ہے ۔ انہوں نے کہا یوں محسوس ہوتا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے یہ سہولت درآمدات اور برآمدات کے درمیان فرق ختم کرنے کے لیے واپس لی ہے لیکن اس سے کوئی فائدہ نہیں ہوگا، الٹا برآمدی شعبہ مزید مشکلات کا شکار ہوگا ۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ بہت سی امپورٹ کنسائمنٹس اس وجہ سے تاخیر کا شکار ہیں کہ سپلائرز ایڈوانس پیمنٹ کا مطالبہ کررہے ہیں۔ انہوں نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا کہ وہ زمینی حقائق کا ادراک کرے اور ایڈوانس پیمنٹ کی سہولت فی الفور بحال کرے بصورت دیگر برآمدات کو نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔