اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاک فوج کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ، پاک فضائیہ کے طیاروں کی دتہ خیل میں بمباری سے دہشت گردوں کے پانچ ٹھکانے تباہ ، تیرہ شرپسند ہلاک ہوگئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے اور علاقہ سے دہشت گردوں کے نیٹ ورک کو نیست ونابود کر دیا گیا ہے۔ دہشت گرد اب فرار ہو رہے ہیں تاہم تعاقب کر کے ان کو ختم کیا جا رہا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فضائیہ کے جیٹ طیاروں نے شمالی وزیرستان کے علاقہ دتہ خیل میں ایک کارروائی میں دہشت گردوں کے پانچ ٹھکانوں کو تباہ کر دیا ، کارروائی میں تیرہ دہشت گرد بھی مارے گئے۔