واشنگٹن(نیوز ڈیسک) امریکی محکمہ خارجہ نے ایگزیکٹ کے ساتھ دستاویزات کی تصدیق سے متعلق معاہدے کی خبروں کو مسترد کردیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ایگزیکٹ نے لوگوں کو جعلی سرٹیفیکٹ فراہم کیے جن کی تصدیق کسی ادارے سے بھی نہیں کی جاسکتی جب کہ اس معاملے پر پاکستان میں تفتیش شروع ہوچکی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکا نے ایگزیکٹ کمپنی سے دستاویزات کی تصدیق کا کوئی معاہدہ نہیں ، لہٰذا اس معاملے پر زیادہ تبصرہ نہیں کرسکتے کیونکہ تفتیش کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔واضح رہے کہ امریکی اخبار نیویارک ٹائمزنے ’’ایگزیکٹ‘‘ نامی پاکستانی سافٹ ویئرکمپنی کا بھانڈا پھوڑتے ہوئے انکشاف کیا تھا کہ کمپنی جعلی ان لائن ڈگریاں بیچ کر سالانہ اربوں روپے کما رہی ہے جب کہ اس فراڈ کو اصل ثابت کرنے کے لئے ویب سائٹس پر ڈھیروں تصدیقی تحریریں، پرجوش ویڈیوزاور جان کیری کے دستخط والے امریکی محکمہ خارجہ کے جعلی سرٹیفکیٹ کی نمائش بھی کی گئی ہے۔