اسلام آباد۔۔۔۔۔پاکستان عوامی تحریک نے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرا دیں ، پارٹی کے کل اثاثوں کی مالیت چودہ لاکھ پچاس ہزار پانچ سو تیرہ روپے ہے ، الیکشن کمیشن نے پی اے ٹی کی طرف سے نئے انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے ابرار مصطفیٰ نے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں جمع کرائیں جن کے مطابق پارٹی کے اثاثوں کی مجموعی مالیت 14 لاکھ 50 ہزار پانچ سو تیرہ روپے ہے جن میں دفتر کا سامان ایک لاکھ پانچ سو تیرہ روپے جبکہ فرنیچر کی مالیت دو لاکھ ستانوے ہزار روپے ہے۔ الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی تفصیلات میں عوامی تحریک کے پاس موجود گاڑیوں کی قیمت آٹھ لاکھ انہتر ہزار روپے بتائی گئی ہے جبکہ پارٹی کے بینک اکاؤنٹس میں صرف سینتیس ہزار سات سو چھپن روپے موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عوامی تحریک نے آئندہ انتخابات کیلئے انتخابی نشان کیلئے بھی درخواست دی جس میں کہا گیا ہے کہ ٹریکٹر ، چاند ، ستارہ یا ہاکی میں سے کوئی انتخابی نشان الاٹ کیا جائے۔ الیکشن کمیشن نے پاکستان عوامی تحریک کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نیا انتخابی نشان الاٹ کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق پاکستان عوامی می تحریک کی طرف سے بتائے گئے انتخابی نشان پہلے ہی الاٹ کیے جا چکے ہیں ، ابھی انہیں پرانے انتخابی نشان الماری پر ہی گزارا کرنا ہوگا۔