اسلام آباد (نیوز ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی کی طرف سے شاہین ائیر لائن انٹرنیشنل کے مالکان کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی درخواست کے باوجود نجی ائیر لائن کے مالکان بیرون ملک چلے گئے، شاہین ائیر لائن کی اکتوبر 2018ء سے قومی اور بین الاقوامی پروازیں مکمل طور پر بند ہیں، ان کے ملازمین نے تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے اہم شہروں میں مظاہرے بھی کیے تھے، سول ایوی ایشن کے عہدیدار
نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزارت داخلہ کو ہم نے ستمبر میں تحریری طور پر درخواست دی تھی کہ شاہین ائیر لائن کے چیئرمین کاشف محمود، چیف ایگزیکٹو افسر احسان خالد صہبائی ملک سے فرار ہو سکتے ہیں اس وجہ سے ان کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔ ہماری درخواست کے باوجود متعلقہ حکام نے اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جس کی وجہ سے دونوں افراد ملک چھوڑ کر جانے میں کامیاب ہوگئے۔