تہران(این این آئی)ایران کے سابق صدر اور اصلاح پسند ر ہنما محمد خاتمی نے کہا ہے کہ کرپشن کا ناسور ملک بھر کے تمام اداروں میں پھیل گیا ہے جو ہمارے وجود کے لیے سنگین خطرہ ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق ایرانی اتحاد امت کی پانچویں سالانہ کانفرنس کے موقع پر خطاب میں سابق ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کی تمام سرکردہ جماعتوں کو کرپشن کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کرپشن پوری مسلم امہ کے لیے نقصان دہ اور تباہ کن اور اس کی روک تھام کے لیے موثر حکمت عملی اختیار
کرنے کی ضرورت ہے۔محمد خاتمی نے ملک میں سوسائٹی کی تنظیموں پر پابندیوں اور ان کی کڑی نگرانی ختم کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔سابق صدر نے اپنی تقریر میں امریکا کی شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور امریکا کی طرف عاید کی جانے والی اقتصادی پابندیوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے صدر حسن روحانی کی حکومت کا دفاع کیا ۔خیال رہے کہ سابق ایرانی صدر محمد خاتمی متعدد بار خبردار کرچکے ہیں کہ حکومت کی جانب سے شہری حقوق دبانے کے نتیجے میں ملک میں کوئی نئی بغاوت بھی کھڑی ہوسکتی ہے۔