آگرہ(این این آئی)بھارت کے شہر آگرہ میں ایک نوزائیدہ بچہ اس وقت ہلاک ہو گیا جب ایک بندر بچے کو ماں کے ہاتھوں سے چھین کر مکانوں کی چھتیں پھلانگتا ہوا بھاگ نکلا۔آگرہ پولیس کے سربراہ پرشت ورما نے بھارتی ٹی وی کو بتایاکہ ایک ماں اپنے بارہ دن کے بچے کو دودھ پلا رہی تھی کہ اچانک ایک بندر کمرے میں داخل ہوا اور ماں کے ہاتھوں سے بچہ چھین کر بھاگ نکلا۔یہ واقعہ تاج محل کی وجہ سے دنیا بھر میں شہرت رکھنے والے شہر
کے اس حصے میں پیش آیا جو سیاحوں کا مرکز ہے۔لوگوں نے جب بندر کا پیچھا کیا تو وہ کئی عمارتوں کی چھتیں پھلانگنے کے بعد ایک عمارت کی چھت پر بچے کو چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ورما نے بتایا کہ بچے کو فوری طور پر اسپتال پہنچایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ مر چکا ہے، تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ بچے کی ہلاکت گرنے سے، چوٹ لگنے سے یا بندر کے کاٹنے سے ہوئی کیونکہ بچے کے والدین نے اس کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا تھا۔