اسلام آباد (این این آئی) بیچ ریسلنگ کے عالمی چیمپیئن پاکستان کے مایہ ناز پہلوان محمدانعام بٹ نے اپنے اعزاز کاکامیاب دفاع کرتے ہوئے دوبارہ ورلڈ چمپئن شپ جیت لی، انہوں نے ترکی میں منعقدہ ورلڈبیچ ریسلنگ چیمپیئن شپ سنیئرکیٹگری 90کلوگرام کے فائنل میں جارجیا کے پہلوان کو3۔1سے شکست دے پاکستان کیلئے گولڈمیڈل اپنے نام کیا۔
انعام بٹ نے چیمپیئن شپ کے پہلے اک آؤٹ مرحلے میں ناروے اورپرتگال کے پہلوانوں کو 3۔0سے شکست دی، پری کوارٹرفائنل میں رومایہ کے پہلوان کو 5۔0، کوارٹرفائنل میں یوکرائن کے پہلوان کو 3۔1جبکہ سیمی فائنل میں یونان کے پہلوان کو 3۔0سے شکست دی ۔ اس طرح دو روزہ ورلڈ چیمپیئن شپ میں 6ممالک کے پہلوانوں کو واضح برتری کیساتھ شکست دے کر انعام بٹ نے اپنے اعزازکاکامیاب دفاع کیا اورپاکستان کو ایک بار پھر بیچ ریسلنگ کا عالمی چیمپیئن بنادیا۔ انعام بٹ کے والد اورکوچ لالہ محمدصفدر بٹ نے فائنل جیتنے پر اپنے لختِ جگر کو گلے لگالیا، ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو نکل آئے ، کامیابی کے بعد باپ بیٹا دونوں سجدہ ریز ہوگئے اوراللہ پاک کاشکر اداکیا۔انعام بٹ نے کامیابی کے بعدسبزہلالی پرچم کیساتھ اکھاڑے کاچکرلگایا اورپھر اپنے تاثرات میں کہاکہ میں صرف اورصرف گولڈمیڈل کاخواب ہی دل میں سجا کر آیا تھاجو اللہ پاک نے والدین، کوچز، مداحوں، دوستوں اورقوم کی دعاؤں سے عطاکیا، اب میراخواب اولمپک ہے۔