دبئی(سپورٹس ڈیسک)سابق پاکستانی فاسٹ بولر اور کپتان وقار یونس نے کہا ہے کہ روہیت شرما نے ایشیا کپ کے دوران ویرات کوہلی کی غیرموجودگی میں جس طرح ٹیم کی قیادت کی وہ قابل تعریف ہے۔خلیجی اخبار کو دیئے گئے انٹرویوں میں وقار یونس نے کہاکہ ’’دیکھیں ویرات کوہلی ،ویرات کوہلی ہے ٗآپ اسے چیلنج نہیں کرسکتے،لیکن میں سمجھتا ہوں کہ کوہلی کے بغیر بھی بھارتی ٹیم نے ایشیا کپ میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے‘‘۔وقاریونس نے کہاکہ ویرات کوہلی نمبر تھری پر عمدہ بیٹنگ کرتے ہیں۔
لیکن ٹورنامنٹ میں روہیت شرما نے ویرات کے بغیر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، وہ بہت تحمل مزاج ہے ، ہرگزرتے دن اْس کی کپتانی میں نکھار آرہا ہے، میں نے آئی پی ایل میں بھی روہیت کی کپتانی دیکھی ہے،وہ لوگوں کو اپنے فیصلے خود کرنے کا موقع دیتاہے۔وقار یونس نے بھارتی اوپنر کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بھارتی ٹیم بہت پروفیشنل ہے، اس کے پاس ورلڈ کلاس اوپنرز ہیں اور حریف ٹیم کیلئے بہت مشکل ہوجاتا ہے جب روہیت شرما اور شیکھر دھون اننگز کا آغاز کریں اور ہر مرتبہ آپ کو اچھی شراکت داری دیں۔