صنعاء(انٹرنیشنل ڈیسک)یمن سے حوثی شیعہ باغیوں نے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کی جانب بیلسٹک میزائل داغا ہے لیکن عرب اتحادی فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے فضا میں تباہ کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو ؤں نے حالیہ مہینوں کے دوران میں سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائلوں
کے حملے تیز کر رکھے ہیں لیکن عرب اتحاد یا سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز ان میزائلوں کو ہدف پر گرنے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیتی ہیں۔تاہم حوثی باغیوں کے سعودی عرب کے سرحدی شہروں کی جانب داغے گئے 198 راکٹ اب تک مختلف اہداف پر گرے جن کے نتیجے میں سعودی شہریوں اور تارکین وطن سمیت 112 افراد جاں بحق اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں۔